اسلام آباد (پاک صحافت) شیری رحمان نے حکومت کی جانب سے کورونا ویکسین کو مہنگی فروخت کرنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس بہانے سے عوام کو لوٹنے میں مصروف ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے ملک بھر میں کورونا ویکسین کو مہنگی قیمت فروخت کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کورونا ویکسین کے نام پر عوام کو لوٹنے میں مصروف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا ویکسین 160 فیصد مہنگی قیمت پر فروخت کی جارہی ہے۔
سینیٹر شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت کورونا ویکسین صرف اعلی عہدیدار اور امیر لوگ ہی لگوا رہے ہیں جبکہ مہنگی قیمت کی وجہ سے عام شہری کی دسترس سے دور ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر میں کورونا ویکسین کی عالمی قیمت پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ پی پی رہنما نے کورونا ویکسین کا تحفہ دینے پر چین کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔