اسلام آباد (پاک صحافت) جسٹس فائز عیسی نے موجودہ حکومت کو ملک چلانے کے لئے نااہل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود مسلسل اجلاس کو ملتوی کرنا حکومت کی نااہلی اور ناکامی کی سب سے بڑی دلیل ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت کرتے ہوئے جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا ہے کہ تین صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے لیکن اس کے باوجود اب تک مردم شماری سمیت دیگر معاملات پر ایک فیصلہ بھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ملک چلانے کے لئے مردم شماری کے نتائج کا اعلان ضروری ہے لیکن حکومت اس حوالے سے لیت و لعل سے کام لے رہی ہے جس سے موجودہ حکومت کی نااہلی واضح ہوتی ہے۔
جسٹس فائز عیسی نے ریمارکس دیتے ہوئے مزید کہا کہ جس انداز میں ملک میں حکومت چلائی جارہی ہے وہ قابل برداشت نہیں ہے۔ وفاق اور صوبوں کی کارکردگی کو عوام کے سامنے لانا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن پی ٹی آئی حکومت ہر چیز کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے جس سے عوام کے درمیان منفی تاثر جارہا ہے۔