لاہور (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیاری رکھنا، حساب کتاب کا وقت آن پہنچا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ چوری، فراڈ کے مرتکب ہوئے، صادق، امین کے الفاظ کی توہین کے مجرم بھی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے متعلق سوال کرتے ہوئے کہا کہ اچھا؟ تو 7 سال سے بذریعہ دھونس، طاقت کیس چلنے کیوں نہیں دیا؟ کیوں اتنے سال رپورٹ ریلیز نہ کرنے کی منتیں کرتے رہے؟
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے مزید کہا کہ پاگل سمجھ رکھا ہے لوگوں کو کہ جو بو لوگے لوگ مان جائیں گے؟ ابھی تو صرف رپورٹ سامنے آئی ہے اور آپ کے پول کھل گئے ہیں، سوچو جب جواب دینا پڑا کہ کس کس سے پیسے وصول کیے، کہاں کہاں خرچ کیے، ملازموں کے اکاؤنٹس کے ذریعے ہیر پھیر کیا اور واردات انجام دی۔