اسلام آباد (پاک صحافت) نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تعلیم حاصل کرنا ہر فرد کا حق اور تعلیم کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ آج کے دن کی مسلمانوں کے لیے خاص اہمیت ہے، اہلِ اسلام کو 12 ربیع الاول کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ علم کا حصول دینی فرض ہے، تعلیم کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، علم وہ روشنی ہے جو ہدایت کی راہ دکھاتی ہے، علم اور تقویٰ کی دولت سے مزین لوگوں کو قرب الہٰی نصیب ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم پر نازل پہلی وحی میں تعلیم کی اہمیت و فضیلت کو واضح کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ تعلیم کا حصول ہی قوموں کے مستقبل کو سنوارتا ہے، والدین کی طرف سے بچوں کو تعلیم دلوانا بہترین عطیہ قرار دیا گیا ہے۔