کوئٹہ (پاک صحافت) وزیراعظم اور آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن قوتوں کو بلوچستان کے امن اور ترقی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور انہیں بھرپور قوت سے کچلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، کمانڈر بلوچستان کور اور سینئر سول، پولیس، انٹیلی جنس اور فوجی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں شرکا نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے حملوں کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی اور بہادری کو بھی سراہا گیا، جس سے مزیدمعصوم جانوں کے ضیاع کو روکا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان کے عوام کی قربانیوں اور کردار کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے دشمن بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن انہیں پوری قوت اور قومی حمایت سے شکست دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعے نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے، اور ان معصوم لوگوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف صوبے میں جاری کوششوں کو تیز کرنے اور دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی۔
اجلاس میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ،پولیس، لیویز اور دیگر متعلقہ محکموں کی استعداد کار بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم اور آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن قوتوں کو بلوچستان کے امن اور ترقی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ دہشت گرد حملوں کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، سہولت کاروں اور مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔