کوئٹہ (پاک صحافت) بلوچستان سے سینیٹ کی 11 خالی نشستوں پر 6 سیاسی جماعتوں کا تمام سینیٹرز کو بلامقابلہ منتخب کرانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے تمام سینیٹرز کو بلامقابلہ منتخب کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا، بلوچستان کی 6 سیاسی جماعتوں کے مابین سینیٹر کے بلامقابلہ انتخاب کا فارمولہ طے پاگیا۔ سینیٹ کی 11 خالی نشستوں میں سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو 3،3 ، جے یو آئی کو 2 جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو ایک ایک نشست ملے گی۔
سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت سے آزاد کوٹے پر سینٹر منتخب ہونے کا امکان ہے۔ پیپلز پارٹی کے چنگیز جمالی، بلال مندوخیل اور راحت جمالی، مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سعید الحسن مندوخیل، آغا شاہ زیب درانی اور حسنہ بانو امیدوار ہوں گے۔
جبکہ جے یو آئی کی جانب سے احمد خان اور مولانا واسع، اے این پی کی جانب سے ایمل ولی خان جبکہ نیشنل پارٹی کی جانب سے جان محمد بلیدی کے منتخب ہونے کا امکان ہے۔