اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بارش اور سیلاب سے اتنے بڑے پیمانے پر تباہی ہوگی اس کا سوچا بھی نہیں جاسکتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے بڑا مسئلہ دیہاتوں سے پانی نکالنا ہے، سندھ میں سیلاب اور بارشوں سے گھر تباہ ہو گئے ہیں، پورے پورے دیہات پانی کی نذر ہوگئے، سیلاب سے شدید تباہی ہوئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ بارشوں اور سیلاب سے تباہ کاریوں کا فضائی جائزہ لیا، فضائی جائزے کے دوران ایسے لگا جیسے ہر جگہ دریائے سندھ پھیلا ہوا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو امداد دی جارہی ہیں۔