اسلام آباد (پاک صحافت) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے پاس عمران کی تمام پراکسیز کے ثبوت موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک سے باہر بیٹھا فسادی ٹولہ اداروں کے خلاف مہم جوئی کرتا ہے، اس ٹولے نے لسبیلہ ہیلی کاپٹر کے شہدا کے خلاف مہم جوئی کی، آرمی چیف اور اہم شخصیات کے خلاف خطرناک سوشل میڈیا مہمات چلائیں، یہ تمام لوگ سابق وزیراعظم کی پراکسیز ہیں اور ایف آئی اے کے پاس تمام ثبوت موجود ہیں، اس پر کارروائیاں بھی ہو رہی ہیں۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا ہے کہ جو عناصر آزادی اظہار رائے کا سہارا لے کر خطرناک کھیل کھیلتے ہیں ان کے خلاف ثبوت آچکے ہیں، ایسی حرکتوں سے اگر کوئی نقصان ہوا تو اس کا ذمہ دار یہی شخص ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جس شخص نے 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ سازی کی، وہ آج پوچھتا ہے کہ اس کا فائدہ کس کو ہوا؟ 9 مئی کے واقعات کا فائدہ پاکستان کے دشمنوں کو ہوا۔