اپنی چھت اپنا گھر اسکیم میں 15 لاکھ قرض پر قسط 14 ہزار رکھی ہے، عظمیٰ بخاری

لاہور (پاک صحافت) وزیرِ اطلاعات برائے پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف مضبوط آپریشن ہو گا، کچے کے ڈاکو تو اب منتوں ترلوں پر آ گئے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے پر باقی صوبائی حکومتوں کی چیخیں نکل رہی ہیں، پتہ نہیں لوگ اپنے صوبے کے لیے اچھے کام کرنے کو کیوں برا سمجھتے ہیں؟ پنجاب میں ایسا کوئی پروگرام نہیں ہو گا جو فائلوں کے لیے بنے گا، حکومت ایسا کوئی کام نہیں کر رہی جو صرف کاغذوں پر ہو، پنجاب کے لوگ حکومت پر اعتماد کرتے ہوئے فلاحی پروگراموں میں حصہ لے رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ مریم نواز لائیو ڈیش بورڈ کے ذریعے تمام چیزیں دیکھ رہی ہیں، وہ آلو پیاز ٹماٹر کی قیمتیں کم کرنے آئی ہیں، وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے کسی پروگرام میں بیک آؤٹ کرنے کا چانس نہیں۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت بلاسود قرضوں کا پروگرام بنا رہی ہے، اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے لیے قرضوں کی ادائیگی 7 سال رکھی گئی ہے، پنجاب کے لوگ اس پروگرام کے لیے اپلائی کر رہے ہیں، جس کے لیے 15 لاکھ روپے تک کا قرض دیا جا رہا ہے، جبکہ اس کی قسط 14 ہزار روپے ماہانہ رکھی گئی ہے، پروگرام کے تمام سروس چارجز پنجاب حکومت خود ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کی گئی تو اضافی کرائے واپس کیے گئے، کسان کارڈ کے حوالے سے بھی وزیرِ اعلیٰ ایک خوش خبری عوام کو سنائیں گی۔ عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف پروگرام کے حولے سے عوام کا اچھا رسپانس ملا، بجلی کے پروگرام کے حوالے سے دو پروگراموں کا اعلان کیا گیا تھا، ایک پروگرام 201 سے 500 یونٹ تک کے صارفین کے لیے دیا گیا تھا، دوسرا پروگرام سولر پینلز کا تھا جس کا افتتاح وزیرِ اعلیٰ جَلد کرنے جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کے حوالے سے پرائیویٹ اسپتالوں نے آپریشن کے ریٹ بڑھا دیے تھے، صحت کارڈ کو صرف حق دار افراد کے لیے ہونا چاہیے۔ عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی فوجی تنصیبات پرحملہ کریں گے تو کیا ان کو لینڈ ریونیو کے حوالے کیا جائے، فوج اپنے ایک بڑے افسر کو پکڑ سکتی ہے تو بانیٔ پی ٹی آئی کو کیوں نہیں؟

یہ بھی پڑھیں

ترکی

اسلام آباد نے پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کی معطلی کو مسترد کردیا

پاک صحافت بیجنگ میں پاکستان کے سفیر نے ان بیانات کو مسترد کیا کہ ان …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے