کراچی (پاک صحافت) رہنما پیپلزپارٹی ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ان شاءاللہ بلاول بھٹو اس ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان نے میئر کا الیکش ہارنے کے بعد طوطا فال نکالنے کا کام شروع کیا ہے۔ طوطا بھی حافظ صاحب کی طرح ناشتے میں کریلے کھا کر زہریلی پیشگوئیاں کر رہا ہے۔
ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا ہے کہ طوطے نے حافظ نعیم کو بلاول کے وزیراعظم نہ بننے کی غلط فال نکال کر دی ہے۔ حافظ نعیم الرحمان کو طوطا فال نکالنے کا کام چھوڑ کر کچھ دن آرام کرنا چاہیے۔ بلاول وزیراعظم بننے کے بعد ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اس شہر کو جس طرح عید پر صاف رکھا اس سے حافظ نعیم پریشان ہیں۔ حافظ نعیم اب شہر کی پولیس سے بھی ناخوش نظر آتے ہیں، ان پر تنقید حیران کن ہے۔