اسلام آباد (پاک صحافت) شیری رحمان کا کہنا ہے کہ امریکی ایوان میں منظور ہوئی قرارداد سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ہاؤس ریزولوشن 901 نومبر 2023 میں پیش کی گئی تھی، دو کانگریس مین نے کافی مثبت اور تعمیری باتیں کیں، اس پر بحث کرتے ہوئے کانگریس مین ڈین کلڈی نے تھوڑی پاکستان مخالف تنقید کی جو کہ نارمل ہے۔
شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ میں بہت لابنگ ہوئی ہے، وہاں بہت سے فنڈز کا تبادلہ ہوا ہے، میں بتا نہیں سکتی کہ کس کو، یہ وہاں الیکشن کا سال ہے اور لابنگ بہت ہو رہی ہے۔ جب انہیں اپنے مفاد میں لگتا ہے جب بھی لگتا ہے یہ ملک کو داؤ پر لگا دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور دیگر مماملک بھی وہاں لابنگ کرتے ہیں جب انہیں اپنے ملک کیلئے کوئی بات منوانی ہوتی ہے، لیکن یہاں ایک دوسری کی کٹوتیاں چل رہی ہیں اور جو فنڈنگ ہو رہی ہے وہ اس لئے کہ پاکستان کو بری نظر سے دیکھا جائے۔ ہم نے بھی لابنگ کی لیکن کبھی پاکستان کی ساکھ کو ٹھیس نہیں پہنچائی۔