کراچی (پاک صحافت) آئی جی سندھ اور چیف سیکرٹری نے بلدیاتی انتخابات کے دوران امن وامان کی صورتحال کو بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں امن و امان کی صورتحال سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، لائنز ایریا کے مقامی ایم پی اے نے شکایت کی ہے ہم یہاں آئے، جہاں شکایات ہوں گی وہاں جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری اورآئی جی سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں قائم پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں چیف سیکرٹری سہیل راجپوت نے کہا کہ پولنگ میٹریل کی ترسیل رات مکمل کرلی گئی تھی، آج وقت پرپولنگ کا عمل شروع ہوا لیکن ایک دو جگہ پر تاخیر ہوئی۔
واضح رہے کہ میڈیا سے گفتگو کے دوران چیف سیکرٹری سندھ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی خدشات پہلے سے تھے جس کیلئے پولیس، رینجرز اور ایجنسی نےکام کیا ہے۔ اس موقع پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ الیکشن کے لیے 68 ہزار اہلکارکراچی اور حیدرآباد میں سکیورٹی پر ہیں، یہ لوکل باڈی کا الیکشن ہے اور لانڈھی میں جو ہوا وہ چھوٹے موٹے معاملات میں ہوتا ہے۔