کوئٹہ (پاک صحافت) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ آئینی عدالت میں بیٹھیں یا جسٹس منصورعلی شاہ مجھے کوئی مسئلہ نہیں، آئینی ترمیم سے متعلق میں موجودہ چیف جسٹس کے لیے جدوجہد نہیں کر رہا، میرا نہیں آپ کا ایجنڈا کسی خاص شخصیت کے لیے ہو سکتا ہے۔
کوئٹہ میں بلوچستان ہائی کورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آمر کے کالے قانون کو کسی جج میں ہمت نہیں تھی کہ غیر آئینی کہے، ہم آگ اور خون کے دریا سے گزر کر جدوجہد کر کے یہاں پہنچے ہیں، 1973ء کے آئین کی بحالی شہید بے نظیر بھٹو کی سیاسی زندگی کی جدوجہد تھی۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد نے کسی سزا کے بغیر قید بھگتی، یہی عدالت کا نظام تھا، کہاں مکمل انصاف تھا؟ پھر بعد میں تمام کیسز میں وہ باعزت بری ہوئے، آج بہت برے حالات ہیں مگر پہلے تو اس سے بھی برا حال تھا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ غلطی مجھ سے ہوئی، میں وکیل نہیں ہوں، آپ کسی وزیرِ اعظم کو نکالیں اور ہم چوں تک نہ کر سکیں، کہا گیا کہ ریاست ہو گی ماں کی جیسی پھر ریاست باپ کی طرح ہو گئی، ریاست کے باپ کی طرح ہونے میں سب سے زیادہ ہاتھ افتخار چوہدری کا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم سے متعلق میں موجودہ چیف جسٹس کے لیے جدوجہد نہیں کر رہا، جسٹس منصور علی شاہ کے لیے بڑا احترام ہے، اگر آئین کہے کہ آئینی عدالت ہو گی تو آپ مانیں گے، عدالت کا کام آئین اور قانون پر عمل درآمد کرانا ہے۔