خطرناک کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے بے رحم اور ظالم سربراہ منگل باغ ایک دھماکے میں ہلاک ہوگئے

خطرناک کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے بے رحم اور ظالم سربراہ منگل باغ ایک دھماکے میں ہلاک ہوگیا

کابل (پاک صحافت) ضلع خیبر کی سب سے خطرناک کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے سربراہ منگل باغ افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں ہلاک ہوگیا ہے۔

عسکریت پسند رہنما کی ہلاکت کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے ننگر ہار کے گورنر ضیا الحق نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ سابقہ خیبر ایجنسی کی ایک عسکری تنظیم لشکر اسلام کے سربراہ منگل باغ، جسے منگل باغ آفریدی کے نام سے بھی جانا جاتا تھا، ضلع اچین میں سڑک کنارے منصب بم کے دھماکے میں دیگر 3 افراد کے ہمراہ ہلاک ہوگیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق اس سے قبل کچھ افغان نشریاتی اداروں نے منگل باغ کی ہلاکت کو بریکنگ نیوز کے طور پر نشر کرتے ہوئے کہا تھا کہ چند نامعلوم افراد نے اس کے گھر کے باہر بارودی سرنگیں نصب کردی تھیں اور جب اس نے وہاں قدم رکھا تو اپنے خاندان کے کچھ افراد کے ساتھ مارا گیا، ہلاک ہونے والے دیگر افراد کے نام فوری طور پر سامنے نہیں آسکے۔

خیال رہے کہ ماضی میں بھی منگل باغ کے ڈرون حملے یا حریف گروپس کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاک ہونے کی رپورٹس سامنے آئیں تھی لیکن وہ خود اپنے مبینہ ایف ایم ریڈیو اسٹیشن پر ایک بیان جاری کرکے اس کی تردید کردیتے تھے۔

دوسری جانب خیبر میں انتظامیہ اور سیکیورٹی دونوں حکام کی جانب سے کوئی بیان فوری طور پر سامنے نہیں آیا اور وہ بھی سرحد پار مصدقہ ذرائع سے اس خبر کی تصدیق کے منتظر تھے۔

50 سال سے زائد عمر کے منگل باغ اس وقت نمایاں ہوئے تھے جب اس وقت کی پولیٹیکل انتظامیہ نے جرگے کے فیصلے کے ذریعے مفتی شاکر کو بے دخل کرنے کا حکم دیا تھا تو وہ ان کی جگہ لشکر اسلام کے اعلیٰ عہدے پر فائز ہوگیا تھا، مفتی شاکر ایک متنازع مذہبی رہنما اور منگل باغ کا سرپرست تھا۔

مذکورہ عسکری گروہ کی بنیاد مفتی شاکر نے سال 2004 کے وسط میں رکھی تھی جب انہوں نے اپنے مسلح حامیوں سے بیعت لی تھی کہ وہ پیر سیف الرحمن کو زبردستی باڑا سے نکالنے میں ان کی مدد کریں گے۔

باڑا کے ذرائع بتاتے ہیں کہ منگل باغ نوجوانی میں پشاور کے کنٹونمٹ علاقے میں ایک ٹیکسی اسٹینڈ پر گاڑیاں دھویا کرتے تھے اور اس وقت وہ نظریاتی طور پر عوامی نیشنل پارٹی سے متاثر تھے، بعدازاں وہ باڑا اور پشاور کے درمیان چلنے والی بس کے کنڈیکٹر اور اس کے بعد ڈرائیور بن گئے، ذرائع کے مطابق وہ زیادہ پڑھے لکھے نہیں تھے اور اپنے آبائی علاقے میں صرف پرائمری کی تعلیم حاصل کی تھی۔

سال 2004 میں لشکر اسلام کے سب سے اعلیٰ عہدے پر پہنچنے پر تنظیمی عہدیداران سمیت کئی افراد کو حیران کردیا تھا کیوں کہ نہ صرف وہ تنظیم سے زبردست وابستگی رکھنے والے کئی افراد سے جونیئر تھا بلکہ مزاج کے حساب سے بھی اس قیادت کے اہل نہیں تھا۔

وہ اپنے مخالفین کے خلاف انتہائی بے رحم تھا اور باڑا، بازار زاکاخیل اور تیراہ میں مخالفین کی سرِ عام موت کے لیے انتہائی ظالمانہ طریقے اختیار کیا۔

خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے سربراہ منگل باغ اور ان کے چار ساتھیوں کو زندہ یا مردہ پکڑنے میں معاونت پر لاکھوں روپے کے انعامات کا اعلان کیا تھا۔

حکومت نے منگل باغ کی سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی تھی جبکہ ان کے دیگر تین ساتھیوں سیفور قبیلہ سپاہ، عدنان قبیلہ برقمبر خیل اور واحد قبیلہ شلوبرقمبر خیل کو پکڑنے میں معاونت کرنے پر 20، 20 لاکھ روپے کا انعام مقرر کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اچین میں منگل باغ کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی ہے جس میں ان کے صرف چند قریبی ساتھی شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں

واٹساپ

فلسطینیوں کو قتل کرنے میں اسرائیل کیساتھ واٹس ایپ کی ملی بھگت

(پاک صحافت) امریکی کمپنی میٹا کی ملکیت واٹس ایپ ایک AI پر مبنی پروگرام کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے