تہران (پاک صحافت) ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب نے اہم کارنامہ انجام دیتے ہوئے ایران ائير کے مسافر طیارے کو اغوا کرنے کی سازش ناکام بنادی۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب نے جمعرات کی رات ایک طیارے کو ہائي جیک کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا، آئي آر جی سی کی ائیر سیکیورٹی یونٹ کے دفتر رابطۂ عامہ نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ جمعرات کی رات اہواز سے مشہد جانے والے ایک طیارے کو ہائي جیک کرنے کی کوشش کو ائير سیکورٹی یونٹ کے افراد نے ناکام بنا دیا، یہ طیارہ ایران ائير کا تھا جو رات دس بج کر دس منٹ پر اہواز ائيرپورٹ سے مشہد کے لیے اڑا تھا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی ایئر لائن کی پرواز نمبر 334 جمعرات کی شب اھواز سے مشہد کے لیے تاخیر سے روانہ ہوئی تھی تاہم ہنگامی بنیادوں پر اصفہان میں اتار لیا گیا۔
بیان کے مطابق فلائٹ سیکیورٹی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جہاز کو اصفہان ائیرپورٹ پر اتار کر ہائی جیکر کو گرفتار کرلیا، ہائی جیکر سے کی جانے والے ابتدائی تفتیش کہ مطابق وہ طیارے کو اغوا کرکے خلیج فارس کے ایک ساحلی ہوائی اڈے پر اتارنا چاہتا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران طیارے کے مسافروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور انہیں متبادل پرواز کے ذریعے مشہد پہنچادیا گیا، بیان میں کہا گيا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش اور سازش کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا ایران کی وزارت انٹیلی جینس نے بتایا ہے کہ صوبۂ مغربی آذربائيجان میں ایک دہشت گردانہ کارروائي کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گيا اور دو دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گيا ہے۔
ایرانی وزارت انٹیلی جینس کے دفتر رابطۂ عامہ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ صوبۂ مغربی آذربائيجان کے پیرانشہر علاقے میں ایک دہشت گرد ٹیم، کارروائي کا ارادہ رکھتی تھی لیکن وزارت انٹیلی جینس نے اس دو رکنی مسلح ٹیم کا پتہ لگا لیا اور مسلحانہ جھڑپ کے دوران اسے موت کے گھاٹ اتار دیا، یہ دہشت گرد، کردستان میں موجود ایک دہشت گرد گروہ کے لیے کام کر رہے تھے۔
بیان کے مطابق یہ دہشت گرد جمعرات کی شام مارے گئے اور ان کے پاس سے دو بندوقیں، مارٹر گولے اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
واضح رہے کہ ایران کے ایئرپورٹس اور فضائی حدود کی سلامتی کا چارج پاسداران انقلاب کے پاس ہے۔