بھارتی فوج کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیئے ان کی نسل کشی کررہی ہے: حریت کانفرنس

بھارتی فوج کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیئے ان کی نسل کشی کررہی ہے: حریت کانفرنس

سرینگر (پاک صحافت) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے کہا ہے کہ بھارتی فوجی کشمیریوں کی اپنے مادر وطن کو غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزاد کرانے کے لئے جاری جدوجہد کو دبانے کے لئے ان کی نسل کشی کررہے ہیں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوں اورتنظیموں نے گزشتہ روز ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے تین کشمیری نوجوانوں کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری نوجوان ایک عظیم مقصد کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر پر بھارت کی ہٹ دھرمی نے خطے اور پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے،سینئر حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری نے سوپور میں ایک تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری ہر قیمت پر اپنے شہداء کے مشن کو پورا کریں گے۔

جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے اپنے بیان میں عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ فسطائی بھارتی حکومت پر دبائو ڈالے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری قتل وغارت روک دے اور کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دے۔

ادھر سرینگر کی تاریخی جامع مسجد کے امام سید احمد نقشبندی نے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی غیر قانونی اورجبری نظربندی سے فوری رہائی کا مطالبہ دہرایا۔

یہ مطالبہ سرینگر کی جامع مسجد میں ہجری سال 1442 اور عیسوی سال 2021 کے کیلنڈر کے اجراء کے موقع پر کیا گیا۔

جموں و کشمیر پیپلز لیگ نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے رہنماؤں اور کارکنوں نے سرینگر میں بھارت کے خلاف مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر پارٹی رہنما ڈاکٹر سرفراز احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے افسوس کااظہارکیا کہ بھارت قتل و غارت، گرفتاریوں، غیر قانونی نظربندیوں، دھونس ودبائو اور دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کی کوشش کررہا ہے۔

حریت رہنما اور جموں و کشمیر سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے جموں میں نوشہرہ کے علاقے لام میں سکھوں کی ایک مذہبی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو مضبوط کرنے، کشمیریوں کواپنے گھروں سے بے دخل کرنے اور ان کی شناخت کو نقصان پہنچانے کے لئے دفعہ 370 اور 35 اے کو ختم کردیاہے۔

حریت رہنماؤں جہانگیر غنی بٹ، عاقب وانی اور جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ نے اپنے بیانات میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوں نے خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لئے بھارت اور پاکستان پر تنازعہ کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زوردیاہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ تنازعہ ہے اوریہ عالمی ادارے کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اسے مذاکرات کے ذریعے حل کرانے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

یہ بھی پڑھیں

امریکی پلیس

امریکی پولیس نے ییل یونیورسٹی میں 45 فلسطینی حامی مظاہرین کو گرفتار کر لیا

پاک صحافت ملک کی یونیورسٹیوں میں اسرائیل مخالف مظاہروں کے پھیلنے کے ساتھ ہی امریکی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے