وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا عرب لیگ ہیڈکوارٹر کا دورہ، عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ خصوصی ملاقات بھی کی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا عرب لیگ ہیڈکوارٹر کا دورہ، عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ خصوصی ملاقات بھی کی

قاہرہ (پاک صحافت)  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مصری دارالحکومت قاہرہ میں عرب لیگ ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط سے خصوصی ملاقات بھی کی۔

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خیر مقدم کیا اور انہیں عرب لیگ ہیڈکوارٹر آمد پر خوش آمدید کہا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق دوران ملاقات علاقائی صورتحال، اہم عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، عرب لیگ کے ممبر ممالک کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، یکساں مذہبی، تہذیبی اقدار کے ناطے عرب لیگ کے تمام رکن ممالک کے ساتھ پاکستان کے مضبوط سیاسی، تجارتی ،باہمی روابط ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کی کثیر تعداد عرب ممالک میں مقیم ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ عرب ممالک کے ساتھ پاکستان کے گہرے مراسم عرب لیگ کے ساتھ خصوصی تعلق کا مظہر ہیں ۔

پاکستان اور عرب لیگ کے مابین مفاہمتی یادداشت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے اس فریم ورک کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں شخصیات کے مابین اس حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔

وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل عرب لیگ کو افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی مصالحانہ کاوشوں اور ان کے ثمرات سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ بھارتی اقدام کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت سرکار کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور علاقائی امن کو درپیش خطرات سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے اہم امور پر عرب لیگ کے واضح اور یکساں موقف کو سیکرٹری جنرل کے وسیع سفارتی تجربے کا ثمر قرار دیا۔

شاہ محمو د قریشی نے توقع ظاہر کی کہ عرب لیگ تنظیم سیکرٹری جنرل کے وسیع تجربے اور پیشہ وارانہ مہارت سے خوب استفادہ کرے گی۔

واضح رہے کہ عرب لیگ افریقہ اور مشرق وسطی کے عرب ممالک پر مشتمل علاقائی تنظیم ہے جس میں قطر، متحدہ عرب امارات، مصر، تیونس، سوڈان، سعودی عرب، شام، عراق، اردن اور فلسطین سمیت 22 ممالک شامل ہیں، پاکستان اپنی خارجہ پالیسی میں تمام ممالک سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے جبکہ فلسطین کے مسئلے پر اسرائیل کی غاصبانہ پالیسی کی کھل کر مخالفت کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فلسطینی پرچم

جمیکا فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرتا ہے

پاک صحافت جمہوریہ بارباڈوس کے فیصلے کے پانچ دن بعد اور مقبوضہ علاقوں میں “غزہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے