کراچی (پاک صحافت) پاکستان کے نامور راک اسٹار علی ظفر نے اداکار و معروف میزبان فہد مصطفی کو بڑا چیلنج دے دیا، خیال رہے کہ راک اسٹار علی ظفر نے فہد مصطفیٰ کو لاہور آکر اُن کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کا چیلنج دے دیا جسے انہوں نے قبول بھی کرلیا ہے۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل فہد مصطفی نے نیٹ پریکٹس کے دوران ایک ویڈیو شیئر کی تھی ، جس پر بڑی بڑی شخصیات کی جانب سے سراہا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر فہد مصطفیٰ نے نیٹ پریکٹس کرتے ہوئے اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کی کرکٹ کھیلنے کی صلاحیتیں دیکھ کر مداح خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوئے تو وہیں معروف شخصیات بھی اس پر اپنا ردعمل دیے بغیر نہ رہ سکے۔ گلوکار علی ظفر نے کرکٹ کھیلتے اپنی ایک ویڈیو شیئر کی اور فہد مصطفیٰ کیلئے لکھا کہ سر آپ لاہور آئیں تو بتائیں ایک کراچی بمقابلہ لاہور تو بنتا ہے۔
واضح رہے کہ علی ظفر کی جانب سے مقابلے کی دعوت پر فہد مصطفی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ دعوت نامہ کم اور کوئی چیلنج زیادہ لگ رہا ہے۔ یاد رہے کہ فہد مصطفی نے اپنے اس میچ کیلئے امپائر بھی بتادئیے، فہد مصطفیٰ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور سابق کپتان سرفراز احمد کو امپائر کیلئے نامزد کیا، جس پر علی ظفر نے بھی اتفاق کر دیا۔