اسلام آباد (پاک صحافت) 23 مارچ کو کیا ہوا تھا؟ یہ ایک ایسا سوال ہے جس کے جواب سے پاکستانیوں کی اکثریت نابلد ہے۔ حتی ہمارے یونیورسٹیوں اور کالجز کے اکثر طلبا و طالبات کو بھی یہ علم نہیں کہ ہم یوم پاکستان کیوں مناتے ہیں اور اس دن کیا ہوا تھا۔ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو نظروں سے گزری جس میں ایک رپورٹر زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے پوچھ رہا ہے کہ کیا آپ کو معلوم ہے 23 مارچ کو کیا ہوا تھا؟
اس سوال کے جواب میں ایک نے کہا کہ یہ پاکستان کی آزادی کا دن ہے، ایک اور شہری نے کہا کہ اس دن دھماکے ہوئے تھے اسی کی یاد میں یوم پاکستان منایا جاتا ہے، ایک نے کہا کہ اس دن بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی وفات کا دن ہے اس لئے اسے مناتے ہیں۔ ایک نے جواب دیا کہ اس دن پریڈ ہوتی ہے اس لئے اسے یوم پاکستان کہا جاتا ہے، ایک اور نے کہا کہ اس دن موٹر وے کا افتتاح ہوا تھا اس لئے اس دن کو یوم پاکستان کے طور پر منایا جاتا ہے جبکہ ایک اور شہری کا کہنا تھا کہ اس دن میاں صاحب نے ایٹمی دھماکے کئے تھے، ایک شہری نے کہا کہ اس دن اسلام آباد میں مینار پاکستان بنا تھا، صرف ایک شہری نے آدھا جواب صحیح دیتے ہوئے کہا کہ اس دن منٹو پارک لاہور میں 1947 کو قرارداد پاکستان پاس ہوئی تھی۔
ہمارا یہ حال ہے کہ ہمیں یوم پاکستان کو کیا ہوا تھا اس کا ابھی تک پتا نہیں، ذمہ دار کون ہے ؟ کیا ہمارے تعلیمی اداروں میں اس حوالے سے کوئی عملی اقدام ہورہا ہے کہ جہاں نوجوان نسل کو اپنے ملک، قومی دنوں اور مناسبتوں، قومی ہیروز اور ان کے نظریات و قربانیوں سے آگاہ کیا جائے۔ آج ہمارے تعلیمی اداروں سمیت میڈیا چینلز پر فحاشی، عریانی اور غیراخلاقی و غیر دینی پروگرامز کا انعقاد تو ہر دوسرے دن ہوتا ہے کیا ہم نے کبھی قومی مناسبتوں اور ہیروز پر بھی اتنی توجہ دی ہے جتنی توجہ ہم اپنی نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کے لئے دیتے ہیں۔ کیا یہ حکمرانوں کا فرض نہیں کہ وہ ان ایام و مناسبتوں پر وسیع پیمانے پر پروگرامز کا انعقاد کرے اور میڈیا چینلز پر مسلسل اس سے متعلق ڈاکومنٹریز اور ویڈیوز نشر کی جائیں۔
افسوس اس بات پر ہے کہ ہم نے پاکستان کے نام پر زمین کا ٹکڑا تو حاصل کرلیا ہے لیکن پاکستان بنانے کے اصلی اغراض و مقاصد کو ہم بھول گئے ہیں۔ ہمارے حکمران قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے نظریات پر مشتمل پاکستان کے بجائے ایک ایسے پاکستان کو تشکیل دینے میں مصروف ہے جو غیروں کا غلام ہے۔ جس نے پاکستان کے مسلمان شہریوں کو انگریزوں کا غلام بنایا ہوا ہے۔ جبکہ اسی غلامی سے مسلمانوں کو آزادی دلانے کے لئے پاکستان کو وجود میں لایا گیا تھا۔ 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے جلسے میں قرارداد پاکستان پاس کی گئی تھی جس کے مطابق مسلمانوں کے لئے ایک الگ ریاست کا قیام ضروری قرار دیا گیا تھا جبکہ اسی قرارداد کے نتیجے میں 1947 کو پاکستان وجود میں آیا، یہ قرارداد منٹو پارک لاہور میں پاس کی گئی تھی جس کی یاد میں وہاں مینار پاکستان بنایا گیا ہے۔